
نادرا حکام کے مطابق پاکستان میں بڑی تعداد میں شہری اپنے مرحوم رشتہ داروں کی وفات کا اندراج بروقت نہیں کراتے، جس کے باعث وراثت، پنشن اور قانونی دستاویزات کے معاملات میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر نادرا نے اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ان اقدامات کے بعد اموات کے اندراج میں 6 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے ڈیٹا کی شفافیت اور درستگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ شہری اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنے قریبی رشتہ دار کی وفات کا اندراج اور شناختی کارڈ منسوخی کی درخواست گھر بیٹھے جمع کرا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی 9.06 روپے سستی ہوئی، یونٹ 39.64 روپے پر آ چکا
پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پنجاب کے تین اضلاع میں پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پیدائش، شادی، طلاق اور وفات کا اندراج ممکن بنایا گیا ہے، جبکہ جلد یہ سہولت پورے ملک میں دستیاب ہوگی۔
مزید برآں نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ میں خاندانی ریکارڈ دیکھنے اور ڈیٹا تضاد کی نشاندہی کے فیچرز بھی شامل کر دیے ہیں۔



