
جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیسز میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کے جیل وارنٹ پیپرز عدالت میں پیش کیے گئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ شاہ محمود قریشی نے دونوں مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء سے تفصیلی دلائل طلب کرتے ہوئے کہا کہ کیس کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر ہی حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔
ذہن نشین رہے کہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں پہلے گرفتاری کے باعث خارج ہو گئی تھیں، تاہم لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر انہیں دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی ختم ہونی چاہیے، سعد رفیق
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی پر 9 مئی کے واقعات کے دوران جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور میں ہونے والے حملوں کے مقدمات درج ہیں، جن میں انہیں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نامزد کیا گیا ہے۔
عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کیلئے ایک بڑی قانونی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔



