ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی ختم ہونی چاہیے، سعد رفیق
Khawaja Saad Rafique
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی حالات میں استحکام کیلئے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان جاری لڑائی کو فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔

لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ یا مار دو کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں، سیاست دانوں کو تحمل، برداشت اور مکالمے کا راستہ اپنانا ہوگا۔ جنہیں اب تک سمجھ نہیں آئی، انہیں بھی سمجھ جانا چاہیے کہ ملک کو آگے بڑھانے کا واحد راستہ اتفاق و تعاون ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ اگر پنجاب کے نمائندوں نے صوبے کی عزت اور پگ کی حفاظت نہ کی تو ہمیں خود کو مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کا کوئٹہ میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

 

 

 

 

آزاد کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں پیدا ہونے والی کشیدگی کو افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کرنے کا کریڈٹ شہباز شریف اور کمیٹی کو جاتا ہے۔

سینئر رہنما مسلم لیگ ن نے واضح کیا کہ سیاسی معاملات کو ڈنڈے یا جبر سے نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر حل کیا جانا چاہیے، فوج یا پولیس کی وردی میں موجود اداروں کی اتھارٹی کو چیلنج نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہی ادارے ملک کے استحکام کی علامت ہیں۔