بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ کیسے گرفتار ہوا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی
Taifi Butt arrest
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کی گرفتاری کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

پولیس کے مطابق طیفی بٹ کو دبئی میں ایک دعوت کے دوران نہایت حکمتِ عملی سے گرفتار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی خالد وریا دو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے دبئی گئے تھے، جہاں انہوں نے دبئی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔ اسی دوران ایک نجی تقریب میں طیفی بٹ کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی، جس پر ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ دبئی کے ایک فلیٹ میں دعوت پر موجود تھا جب اچانک چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزم فی الحال دبئی پولیس کی حراست میں ہے، ریڈ وارنٹ کے تحت اس کی پاکستان منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امیر بالاج ٹیپو قتل کیس: مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

رپورٹس کے مطابق پاکستانی حکام انٹرپول اور دبئی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ملزم کو جلد از جلد وطن واپس لا کر عدالت کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

ذہن نشین رہے کہ 19 فروری 2024 کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد طیفی بٹ سمیت متعدد ملزمان ملک سے فرار ہوگئے تھے۔