سندھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے نافذ
Sindh traffic fines
فائیل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے نافذ کردیے ہیں جن کی رقم 5 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

 سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانہ ایک لاکھ روپے تک عائد کیا جائے گا۔ نئے قوانین کا مقصد لاپرواہی اور خطرناک ڈرائیونگ کو روکنا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مقررہ رفتار سے تجاوز کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو 5 ہزار روپے، کار اور ٹیکسی ڈرائیورز کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ پبلک سروس اور لائٹ ٹرانسپورٹ پر 15 ہزار اور ہیوی ٹرانسپورٹ پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر بھی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں، کار ڈرائیور کے لیے 20 ہزار،پبلک سروس ڈرائیور کے لیے 25 ہزار اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے 30 ہزار روپے تک کے جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ لاپرواہی یا غفلت برتنے پر کار ڈرائیور کو 25 ہزار جبکہ پبلک سروس اور ہیوی وہیکلز پر بالترتیب 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی مفت امیشن ٹیسٹنگ ختم، اب فیس دینا ہوگی

پارکنگ کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ فٹ ہاتھ پر گاڑی کھڑی کرنے یا مقررہ حد سے باہر پارک کرنے موٹر سائیکل کے لیے 2 ہزار اور دیگر گاڑیوں پر 10 سے 20 ہزار روپے جرمانہ اور 2 ڈیمیرٹ پوائنٹس لگائے جائیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ نئے قوانین عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے نافذ کیے گئے ہیں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔