
یہ پروگرام خاص طور پر ان طلباء کیلئے متعارف کرایا گیا ہے جو معاشی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق اس پروگرام کے تمام تر اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی، تاکہ کوئی بھی ہونہار طالبعلم مالی تنگی کے باعث اپنی تعلیم سے محروم نہ رہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت ایچ ای سی سے منظور شدہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کا دائرہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز میں زیرِ تعلیم طلباء تک محدود ہوگا۔ منتخب طلبہ کو ماہانہ فیس، کتابوں کے اخراجات اور دیگر تعلیمی ضروریات کیلئے مکمل مالی معاونت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:اب لرنر و ریگولر لائسنس اور مقدمات کا اندراج سڑک پر ممکن ہوگا
ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسکالرشپ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو آن لائن درخواست کے ذریعے اپلائی کرنا ہوگا۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد میرٹ کی بنیاد پر طلباء کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ حقیقی مستحق اور قابل طلبہ ہی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور مستحق طلباء کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔



