اب لرنر و ریگولر لائسنس اور مقدمات کا اندراج سڑک پر ممکن ہوگا
Punjab mobile police stations
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے شہریوں کیلئے اب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے، مقدمات درج کرانے اور پولیس سے متعلق دیگر سہولیات کیلئے تھانے یا آفس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

محکمہ ٹریفک پولیس نے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت شہری سڑک پر ہی تمام خدمات حاصل کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کیلئے 118 موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ گاڑیاں تیار کی جا رہی ہیں، جن میں سے ابتدائی طور پر 34 وینز مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان موبائل یونٹس کے ذریعے شہری لرنر لائسنس، ریگولر لائسنس، لائسنس رینیول اور مقدمات کا اندراج باآسانی کروا سکیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ ان موبائل یونٹس میں 20 فیصد گاڑیاں پنک رنگ میں صرف خواتین کیلئے مخصوص ہوں گی، تاکہ خواتین طلبہ اور ورکنگ ویمن کو سہولت دی جا سکے۔ مزید یہ کہ ریگولر لائسنس کے اجرا کیلئے AI بیسڈ ڈرائیونگ ٹیسٹنگ وینز بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گی۔

ان یونٹس کی خاص بات یہ ہے کہ جس تھانے کی حدود میں یہ پہنچیں گی، وہ جی پی ایس کے ذریعے متعلقہ تھانے کے فرنٹ ڈیسک سے منسلک ہوجائیں گی۔ اس طرح شہریوں کو تھانے کی تمام سہولیات بغیر تھانے گئے ہی فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں بھرتیاں شروع، اپلائی کا طریقہ جانیے

شیڈول کے مطابق یہ موبائل یونٹس روزانہ مختلف علاقوں میں بھیجی جائیں گی، خاص طور پر دور دراز مقامات، خواتین یونیورسٹیز اور ورکنگ پلیسز کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔

وقاص نذیر نے مزید بتایا کہ رواں ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے باقاعدہ افتتاح کے بعد 34 گاڑیاں فیلڈ میں بھجوا دی جائیں گی۔