عمران خان نے گنڈا پور اور علیمہ کو بیان بازی سے روک دیا
عمران خان نے علیمہ خان اور علی امین کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اڈیالہ جیل طلب کر لیا
عمران خان نے علیمہ خان اور علی امین کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اڈیالہ جیل طلب کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے علیمہ خان اور علی امین کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اڈیالہ جیل طلب کر لیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے طویل گفتگو ہوئی ہے، بانی نے ہدایت کی کہ علی امین گنڈا پور ان سے آج ملنے آئیں، وزیر اعلیٰ کے پی کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کوآرڈینیٹرز کو تبدیل کر کے چار نئے کوآرڈینیرز مقرر کئے ہیں، بانی نے کہا ہے اگر انکو قید تنہائی میں رکھا جاتا ہے تو چار رکنی کوآرڈینیٹرز کی ٹیم قانونی معاملات دیکھے گی، ملاقاتوں کی فہرست بھی چار رکنی کوآرڈینیٹرز کی ٹیم تیار کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ 2 کیس:عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف سماعت منسوخ

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان کی بیان بازی ہر افسوس کا اظہار کیا اور کہا پبلک میں اس طرح ایک دوسرے پر الزامات نہیں لگانے چاہئیں، ہمارے آپس کے اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہو رہا ہے اس میں میرا نقصان ہے، بانی نے کہا وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے وہ انتظامی معاملات میں جس کو چاہے تبدیل کرنا چاہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے رات گئے سماجی رابطے کی ایپ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا باقی کا پیغام انکی بہن نورین نیازی کے ذریعے قوم تک پہنچے گا، قبل ازیں یہ ذمہ داری علیمہ خان کے پاس تھی۔
ادھر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک بار پھر تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ این سی سی آئی اے نے 21 نکاتی سوال نامہ بانی کے حوالے کر دیا، ان سے تفتیش سوال نامے کے تحریری جواب کی روشنی میں کی جائے گی۔