توشہ خانہ 2 کیس:عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف سماعت منسوخ
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi and Bushra Bibi
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف آج ہونے والی توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اچانک منسوخ کر دی گئی۔

عدالتی ذرائع کے مطابق یہ سماعت جیل کے اندر ہونا تھی تاہم اب اس کیس کی آئندہ تاریخ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں مقرر کی جائے گی۔

رات گئے عدالتی عملے کی جانب سے وکلائے صفائی اور پراسیکیوشن ٹیم کو اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت کو جیل سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کے پیچھے سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کارفرما ہو سکتی ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیسز پہلے ہی ملکی سیاست اور عدالتی منظرنامے پر بھرپور توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اس کیس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ قیمتی تحائف کی خرید و فروخت میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس کا ٹرائل آخری مرحلے میں داخل

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے نہ صرف عدالتی کارروائی میں تاخیر ہوگی بلکہ اس کے سیاسی اثرات بھی سامنے آسکتے ہیں، کیونکہ یہ مقدمہ موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم موڑ تصور کیا جا رہا ہے۔

 

نئی تاریخ کے اعلان کے بعد عدالت میں فریقین اپنے دلائل پیش کریں گے، عوام اور سیاسی حلقے اس پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔