عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس کا ٹرائل آخری مرحلے میں داخل
 بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل آخری مرحلے میں داخل ہو گیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل آخری مرحلے میں داخل ہو گیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے مقدمہ کی سماعت کی، سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو بیرک سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے قوسین فیصل مفتی ایڈووکیٹ جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک عدالت پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی تینوں بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین،بشریٰ بی بی کی بھابھی،بیٹی اور داماد کمرہ عدالت موجود تھے، رہنما تحریک انصاف سینیٹر علی ظفر اور مشال یوسفزئی بھی عدالت موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس، بشریٰ بی بی کے وکلاء کی استغاثہ کے گواہان پر جرح مکمل

دوران سماعت وکیل صفائی قوسین فیصل مفتی ایڈووکیٹ نے استغاثہ کے 19ویں گواہ پر جرح مکمل کر لی، عمران خان کے وکیل کی استغاثہ کے 20ویں گواہ پر جرح جاری ہے جو کل مکمل کی جائے گی۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت کل بروز جمعرات تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ مقدمہ میں 20گواہان کی شہادت قلمبند کرکے 19پر جرح مکمل کی جا چکی ہے، یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کے وکلاء کی استغاثہ کے گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔