پنجاب میں اسکولوں کی چھٹیوں سے متعلق اہم تجویز
early summer holidays Punjab
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے باعث اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کو جلد شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ تعلیمی سال کے دوران طلبہ کی کارکردگی بہتر بنانے اور نصاب بروقت مکمل کرنے کے لیے اسکولوں کی چھٹیوں کے نظام کا جائزہ لے رہا ہے۔

نجی اسکولوں کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں ہفتہ وار چھٹی ختم کر دی جائے تاکہ تعلیمی سال کم از کم 180 تدریسی دنوں پر مشتمل ہو سکے۔

پاکستان ایجوکیشن فارم کے سربراہ قاضی نعیم انجم نے تجویز دی ہے کہ گرمیوں کی چھٹیاں دو ماہ تک محدود رکھی جائیں جبکہ جنوری میں ہونے والی سردیوں کی چھٹیاں صرف دس دن کی ہونی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اچانک تعطیلات کے باعث صرف127 تعلیمی دن ہی مکمل ہو سکے تھے جس سے نصاب بروقت ختم کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہاؤسنگ فنانس اسکیم کے لیے شرحِ مارک اپ میں کمی

انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سمر کیمپس کا اہتمام کیا جائے تاکہ طلبہ کا نصاب مؤثر طریقے سے مکمل ہو سکے۔

تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی جانب سے دی گئی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے اور جہاں ممکن ہوا انہیں نافذ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے اور طلبہ کی تعلیم میں رکاوٹیں کم ہوں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے 10 مارچ سے 31 مارچ تک صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکول بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

 

ضرور پڑھیں