
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کوئٹہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 10 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے جبکہ کیچ میں دہشتگردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا جس میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشنز کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
صدر مملکت کا بہادر جوانوں کو خراج تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بہادری اور مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی ہلاکت ملک میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، قوم اپنے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں اور شجاعت پر فخر کرتی ہے، پاکستان سے فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم اٹل ہے۔
ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں: وزیراعظم
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع کوئٹہ اور ضلع کیچ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور فتنہ الہندوستان کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں خودکش حملہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور ملک کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رہیں گے: وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف 2 کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشنز کرکے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی سپانسرڈدہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے۔