
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جو ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے۔ یہ دہشت گرد کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی حاضر دماغی اور فوری ردعمل کے باعث ان کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم ممالک کی پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت
رپورٹس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے میں دو ایف سی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد سول ہسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ فورسز کا کہنا ہے کہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، مگر ایسے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی تاکہ عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گورنمنٹ گرلز کالج کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے پر فورسز کا بروقت ردعمل قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر قوم کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی جانوں کو داؤ پر لگایا۔ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے عوام اور سیکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔



