مسلم ممالک کی پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت
KP terror attacks
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں حالیہ دہشت گرد حملوں کیخلاف متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب اور ترکی نے بھرپور مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ان ممالک کی جانب سے جاری کردہ بیانات کے مطابق وہ ہر طرح کے دہشت گردی کے واقعات کو مسترد کرتے ہیں اور مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ باجوڑ میں ایک بڑے آپریشن کے دوران دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جنہیں بھارتی پراکسی قرار دیا گیا۔

ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد مختلف حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

اسی طرح جنوبی وزیرستان میں ایک اور کارروائی کے دوران 13 مزید دہشت گرد مارے گئے۔ ان جھڑپوں کے دوران پاکستانی فوج کے 19 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ وطن کے یہ بہادر سپوت دشمن کیخلاف جرات اور شجاعت سے لڑتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کر گئے۔

فوج کے ترجمان ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ ان حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ افغان سرزمین مسلسل دہشت گرد کارروائیوں کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔

پاکستان کی جانب سے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف دہشت گردوں کے استعمال سے روکے۔

یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز کا دیر میں آپریشن، 10 خوارج ہلاک، 7 جوان شہید

دوسری جانب عالمی سطح پر کئی ممالک نے بھی ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ مملکت ہر طرح کے تشدد اور دہشت گردی کو یکسر مسترد کرتی ہے اور پاکستان کی حکومت، عوام اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای ان دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، جن میں پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ بیان میں متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔

اسی طرح قطر نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں فوجی قافلے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

قطری وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ریاست قطر دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں کی ہر صورت کو مسترد کرتی ہے اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ترکی نے بھی اپنے پیغام میں پاکستانی عوام اور حکومت سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ترکی ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔

عالمی سطح پر پاکستان کیلئے یہ یکجہتی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے اور اسے شکست دینے کیلئے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔