
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم "فتنہ الخوارج" کے 10 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ فائرنگ کےتبادلے میں دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیتے ہوئے 7 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہید ہونے والوں میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ شامل ہیں، سپاہی عبدالمالک، محمد امجد، محمد داؤد اور فضل قیوم بھی مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے عام شہریوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا، شہداء نے شہریوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ،پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہداء کو خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی لوئر دیر کے علاقے میں 10 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین جبکہ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 7 سکیورٹی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں،سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو قوم فراموش نہیں کر سکتی، شہداء نے وطن پر جان نچھاور کرکے 10 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکورٹی فورسز کے آپریشنز، 35 خوارج ہلاک، 12 جوان شہید
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قوم بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
دہشتگرد عناصر کا خاتمہ ناگزیر ہے: سپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لوئر دیر میں آپریشن کے دوران 10 خارجی دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین جبکہ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سردار ایاز صادق نے فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوانوں کے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگرد عناصر کا خاتمہ ناگزیر ہے، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں وطن کے دفاع کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



