پنجاب: 5 سے 7 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری
 پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے صوبے کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور:(سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے صوبے کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 5 سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے، دریاؤں کے بالائی حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، تمام ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مون سون کا 11واں اسپیل؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔