
پی ڈی ایم اے نے 16 سے 19 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔ اس حوالے سے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر صوبائی حکومت نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ سمیت محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے محکمے بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں گے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق خراب موسم کے دوران دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کیا جائے، جبکہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔



