پی ٹی آئی کے معین قریشی اپوزیشن لیڈر پنجاب مقرر، نوٹیفکیشن جاری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صوبہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صوبہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صوبہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر معین قریشی کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حافظ فرحت عباس کو ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس فیصلے کا اعلان ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز

خیال رہے کہ 29 ستمبر کو نامور قانون دان اور پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ معین قریشی کو اپوزیشن لیڈر تعینات کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر کیا گیا ہے۔ اب پارٹی کی طرف سے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس سے اس معاملے کو باضابطہ حیثیت مل گئی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پی ٹی آئی کے لیے ایک اسٹریٹجک اقدام ہے۔ یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی براہِ راست ہدایت پر سامنے آیا، جس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی قیادت اسمبلی کی سیاست کو کس حد تک سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں اپوزیشن لیڈر کا کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔