
اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 268 روپے 68 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 4 روپے 4 پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 272 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 276 روپے 81 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ وزارت خزانہ نے وضاحت کی کہ نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کے ویزا قوانین میں بڑی تبدیلیاں،نئی کیٹیگریز متعارف
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی سطح پر روپے کی قدر میں کمی اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ اس سے نہ صرف عام آدمی متاثر ہوگا بلکہ اشیائے خورونوش اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
دوسری طرف صارفین کے لیے ایک جزوی ریلیف کی خبر یہ ہے کہ اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 70 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 207 روپے 48 پیسے مقرر ہو گئی۔ اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 79 روپے 14 پیسے کم ہو کر 2,448 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
ایل پی جی کی قیمت میں کمی سے گھریلو صارفین کو وقتی ریلیف ملے گا، تاہم مجموعی طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے بوجھ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔