علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد میں دھرنے مہنگے پڑ گئے
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد میں کیے جانے والے دھرنے مہنگے پڑ گئے
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد میں کیے جانے والے دھرنے مہنگے پڑ گئے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد دھرنے میں کنٹینر، گاڑیوں اور ساونڈ سسٹم کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا، وزیر اعلی نجی ٹھیکیداروں کے کروڑوں روپے کے قرض دار ہوگئے۔

4 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد جانے والے بلٹ پروف کینٹیر سے سامان اتارا گیا تھا۔ کنٹینر اتار کر گاڑی اور دیگر دو گاڑیاں چار ماہ بعد واپس کر دی گئیں۔ 26 نومبر کو بلٹ پروف کنٹینر کو آگ لگنے سے نقصان ہوا۔ نجی ٹھیکیداروں نے نقصانات کے معاوضہ کے لیے وزیراعلی ہاوس کے چکر لگانا شروع کر دیئے۔

ترجمان وزیراعلی خیبرپختونخوا فراز مغل نے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں نے نقصانات کا تخمینہ 10 کروڑ سے زائد کا لگایا گیا ہے، وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور 10 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کر دیں گے۔