
پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر قومی اسمبلی میں بھی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا، جب لوگ ذمہ داری پر فائز ہوتے ہیں تو تبدیل ہوجاتے ہیں ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب حکومت کو ابھی جواب دینا شروع نہیں کیے، ہم اتحاد اور آپ نفرت کی بات کر رہے ہیں ، اپ امن کو خراب کر رہے ہیں انگلی توڑنے کے بیانات بھی آئے، مریم نواز ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوری نظام کے لیے ن لیگ کا ساتھ دیکر حکومت بنائی، ہم نے لاشوں پر سیاست نہیں کی، ہمارا فرض ہے اخلاق کا دامن نہ چھوڑیں، معلوم ہوتا ہے پنجاب حکومت اپنی ہی وفاقی حکومت کے خلاف کام کر رہی ہے ،ہمیں لوگ فون کر رہے ہیں کہ کیسے بیانات آرہے ہیں۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ ملک سیلاب جیسے بڑے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے کیسے بیان دے رہے ہیں، ہم ایک پاکستان ہیں ہم الگ نہیں ، ایسے بیانات سے ملک کو نقصان ہوتا ہے کچھ نادان دوست غلطیاں کر رہے ہیں ، پانی کی بات کرنے کی بہت مذمت کرتی ہوں ، پانی سے متعلق لوگوں کے جذبات جڑے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی اور ہوا پاکستان کا ہےکسی ایک کا نہیں، بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر دریائے سندھ کا مقدمہ لڑا، ن لیگ میں اگر کوئی قابل فہم لوگ ہیں تو آپ اس طرح کے بیان پر توجہ دیں، آج ایوان سے واک آوٹ کیا شاید آئندہ دنوں میں ہم اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی حکومت میں اختلافات، دو وزراء مستعفی، وجہ بھی سامنے آگئی
دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ بخاری نے پی پی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل میں کہا کہ پنجاب کے وسائل،پنجاب کا خزانہ اور پنجاب کے پانی پر پہلے پنجاب کا حق ہے پھر کسی اور کا ہے، پنجاب کے سیلاب پر سیاست کرنے کا مشورہ آپ کو مودی نے دیا تھا؟
عظمیٰ بخاری نے پی پی رہنماؤں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لسانیت اور صوبائیت کو ہوا آپ دے رہے ہیں وہ بھی باجماعت،سوالات جواب پوچھنے کیلئے آپ کے پاس اسمبلی فورم موجود ہے،آپ اسمبلی میں ناسہی آپکے لوگ تو ہیں،میڈیا پر آکر آپ پنجاب کے سیلاب پر مردہ سیاست زندہ کرینگے تو جواب بھی میڈیا پر ملے گا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے آپ کو پنجاب میں مریم نواز کے ڈلیور کرنے پر تکلیف ہورہی ہے،سندھ کے لوگ بھی مریم نواز کو پکارتے ہیں، مریم نواز پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں،وہ پنجاب کے عوام کے حق کی بات کریں گی،اگر آپ پنجاب میں رہ کر پنجاب کے حق میں بات نہیں کرسکتے تو آپکا اللہ حافظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پر دو دہائیوں سے ایک ہی خاندان کا قبضہ ہے، وہاں کونسے خدمت کے کارنامے سرانجام دیے وہ بھی ہمیں معلوم ہے، تین ہفتوں سے آپ لوگ باجماعت پنجاب کے سیلاب پر سیاست در سیاست کررہے ہیں، واقعی ابھی تک آپ کے میچور لیڈر نے آپ کو پنجاب پر سیاست کرنے سے روکا ہوا ہے؟
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جب سیاسی نابالغ اور نالائق لوگ پیش پڑجائیں تو وہ آفات پہ سیاست کرتے ہیں۔