پاکستان نے کروز میزائل فتح 4 کا کامیاب تجربہ کر لیا
پاکستان نے کروز میزائل فتح 4 کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاکستان کے اپنے تیار کردہ فتح فور میزائل کی فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاکستان نے کروز میزائل فتح 4 کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کروز میزائل جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل ایڈز سے لیس ہے، کروز میزائل فتح 750 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کروز میزائل فتح 4 انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم سے بچنے کی صلاحیت کا حامل ہے، فتح 4 پاک فوج کے روایتی میزائل سسٹم کی رسائی، مہلکیت اور بقا کو مزید بڑھا دے گا۔

صدرِمملکت آصف علی زرداری نے فتح 4 میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی اور سائنس دانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کے جوانوں کو شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک سنگ میل ہے، ملکی سطح پر تیار کردہ جدید میزائل پاکستان کی سائنسی خود انحصاری کا ثبوت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فتح 4 میزائل پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا، قوم اپنے سائنس دانوں اور انجینئرز کی محنت اور عزم پر فخر کرتی ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں خودکش حملہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی فتح 4 کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر افواج پاکستان ، سائنسدانوں ، انجینئرز اور عملہ کو مبارک باد دی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ 750رینج کے حامل اس کروز میزائل سے دفاع ناقابل تسخیر بن گیا، اس کامیاب تجربہ سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت خطہ میں انتہائی مضبوط بن چکی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فتح 4 گراؤنڈ کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم، مسلح افواج، انجینئرز اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی اور مسلح افواج، انجینئرز اور سائنسدانوں کو فتح 4 گراؤنڈ کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ فتح- 4 کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، دفاعی میدان میں خود انحصاری پاکستان کے باصلاحیت انجینئرز اور سائنسدانوں کی عظیم محنت کا ثبوت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور دفاعی ادارے ملک کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں، قوم کو اپنی مسلح افواج اور سائنسدانوں کی بھرپور صلاحیتوں پر فخر ہے، جدید ٹیکنالوجی میں مزید پیش رفت پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط بنائے گی۔