
اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کو گزشتہ رات اچانک برین ہیمرج کا دورہ پڑا جس کے بعد فوری طور پر اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں نے انہیں ہسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے متاثرہ طلباء کیلئے فیسوں میں ریلیف کی تجویز
ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو برین ہیمرج کے بعد سے ہوش نہیں آیا اور گزشتہ رات سے وہ بے ہوش ہیں۔ ڈاکٹرز کی ایک خصوصی ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے اور ہر لمحہ ان کی صحت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور پیپلز پارٹی کے دیگر اہم رہنما فوری طور پر اسپتال پہنچے تاکہ آغا سراج درانی کی خیریت دریافت کی جا سکے۔ تاہم ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز نے مریض کی نازک حالت کے باعث ملاقات کی اجازت دینے سے معذرت کر لی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر وقار مہدی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے واضح کیا ہے کہ مریض کی حالت ایسی نہیں کہ کسی کو ملنے دیا جائے۔ انہوں نے عوام اور کارکنان سے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔
یاد رہے آغا سراج درانی کا شمار سندھ کی سیاست کے سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ کئی بار سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اسپیکر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ سیاست میں ان کی طویل وابستگی اور عوامی حلقوں میں ان کی مقبولیت کے باعث ان کی صحت کے حوالے سے ہر طبقے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
اہلخانہ نے بھی قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے۔