سیلاب سے متاثرہ طلباء کیلئے فیسوں میں ریلیف کی تجویز
پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے طلباء کے تعلیمی اخراجات میں ریلیف دینے پر غور شروع کر دیا
پنجاب حکومت کا سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے طلباء کے تعلیمی اخراجات میں ریلیف دینے پر غور/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے طلباء کے تعلیمی اخراجات میں ریلیف دینے پر غور شروع کر دیا۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک باضابطہ تجویز پیش کی ہے جس کے تحت سیلاب زدہ علاقوں میں پبلک سیکٹر کے کالجز اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء کو رجسٹریشن اور سمسٹر فیس سے مکمل یا جزوی استثنیٰ دیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹریفک کی بار بار خلاف ورزی پر موٹرسائیکلیں نیلام ہوں گی

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سیلاب متاثرہ خاندانوں کے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی سے ہزاروں خاندان بے گھر اور متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث ان کے بچے تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں رہے۔ ایسے میں حکومتِ پنجاب کی یہ کوشش ہے کہ متاثرہ طلباء اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور کسی صورت تعلیمی سفر منقطع نہ ہو۔
رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو اس کا اطلاق پبلک کالجز اور یونیورسٹیوں پر فوری طور پر ہو گا۔ مزید برآں، وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے طور پر سیلاب زدہ علاقوں کے طلباء کو فیسوں میں رعایت دیں تاکہ یہ طلباء مالی مشکلات کے باوجود تعلیم جاری رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف تعلیمی میدان تک محدود نہیں بلکہ سماجی سطح پر بھی ایک بڑا مثبت اثر ڈالے گا۔ حکومت کی یہ پالیسی متاثرہ خاندانوں کو نہ صرف ریلیف فراہم کرے گی بلکہ انہیں اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے کا موقع بھی دے گی۔