
تفصیلات کے مطابق پیپلز کالونی فیصل آباد کے رہائشی کو بجلی کا کل بل 31 لاکھ 97 ہزار 167 روپے موصول ہوا۔ شہری کا کہنا ہے کہ وہ ایک عام غریب آدمی ہے اور اتنی بڑی رقم ادا کرنا تو دور، اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ شہری نے بل دیکھ کر کہا کہ یہ اس کے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی دفاعی معاہدہ، سرمایہ کار پرجوش
متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس نے بل کی درستگی کے لیے متعدد بار دفتر کے چکر لگائے لیکن کہیں کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ وہ ہر بار مایوس لوٹا اور متعلقہ افسران نے اس کی کوئی بات نہ سنی۔ اس صورتحال نے شہری کو ذہنی طور پر شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اکثر لوگوں کو ایسے بلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو حقیقت سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔ تاہم اس بار بل کی مالیت اتنی زیادہ ہے کہ پورے محلے کے لوگ حیران اور برہم ہیں۔
شہری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "میں نے کئی بار دفتر میں درخواست دی، مگر کوئی سننے والا نہیں۔ یہ بل اتنا بڑا ہے کہ میری کئی نسلیں بھی ادا نہیں کر سکتیں۔" اس نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ اہلکاروں کو معطل کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے ایسے غلط بل غریب عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، خاص طور پر ایسے حالات میں جب لوگ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔