پاک سعودی دفاعی معاہدہ، سرمایہ کار پرجوش
Pakistan Saudi Defense Deal
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کی خبر نے مالیاتی منڈیوں پر مثبت اثر ڈال دیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہو گئیں اور سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق کاروبار کے آغاز پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 842 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس دوبارہ 1 لاکھ 57 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 157020 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز یہ انڈیکس 156177 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ پاک سعودی دفاعی معاہدے کی خبر نے سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کیا ہے جس کے باعث مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھنے کو ملا۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی منڈی میں بھی خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 15 پیسے کم ہو گئی۔ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 281.50 روپے تھی جو آج کم ہو کر 281.35 روپے پر آگئی۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ مطابق ڈالر کی قدر میں کمی معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے، یہ رجحان سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔

اگر حکومت معاشی اور تجارتی پالیسیوں میں استحکام برقرار رکھتی ہے تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔ پاک سعودی دفاعی تعلقات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدے بھی ملکی معیشت کیلئے نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔