لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا
Lahore Board Inter Result 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں بورڈ حکام اور اساتذہ نے شرکت کی۔

رواں سال لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات میں 1 لاکھ 80 ہزار امیدواروں نے حصہ لیا۔

نتائج کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 60 فیصد سے زائد رہا، تاہم 70 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات امتحان میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

بورڈ حکام کے مطابق کامیاب طلبہ نے محنت اور لگن کے ساتھ امتحانات کی تیاری کی جس کا بہترین نتیجہ سامنے آیا۔ تقریب میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی مبارکباد دی گئی اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز میں لڑکیاں بازی لے گئیں

لاہور بورڈ نے نتائج کو اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا ہے تاکہ طلبہ اپنے رول نمبر درج کر کے آن لائن نتائج باآسانی معلوم کر سکیں۔ اس سہولت سے وہ طلبہ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔

امتحانی نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ اور والدین میں خوشی و غم کی ملی جلی کیفیات دیکھنے میں آئیں۔ کامیاب امیدواروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید تعلیم میں بھی اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھیں گے، جبکہ ناکام طلبہ نے آئندہ سال بہتر تیاری کے عزم کا اظہار کیا۔