کشمیری حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بھٹ خالقِ حقیقی سے جاملے
Prof Abdul Ghani Bhat
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے عظیم رہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بھٹ انتقال کر گئے۔

وہ وادیٔ کشمیر کے علاقے سوپور میں مقیم تھے اور طویل عرصے سے عوامی نمائندگی اور آزادی کی تحریک میں فعال کردار ادا کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کیلئے وقف کی۔ ان کی سیاسی بصیرت، بےباک مؤقف اور غیر متزلزل جدوجہد کشمیری عوام کیلئے ہمیشہ رہنمائی کا باعث رہی۔

وہ نہ صرف ایک سیاستدان تھے بلکہ ایک مدبر اور فکری رہنما بھی سمجھے جاتے تھے جن کی سوچ نے نوجوان نسل کو تحریکِ آزادی کیلئے پرعزم کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم سے انہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کی اور بھارتی پالیسیوں کیخلاف ڈٹ کر مؤقف اختیار کیا۔ ان کا شمار ان رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے مصالحت، سیاسی جدوجہد اور عوامی حقوق کے بیانیے کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

یہ بھی پڑھیں:سیکورٹی فورسز کے آپریشنز، 35 خوارج ہلاک، 12 جوان شہید

ان کی وفات پر کشمیری عوام نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کشمیریوں کا کہنا ہے کہ پروفیسر بھٹ کی کمی پورا کرنا آسان نہیں ہوگا، وہ تحریکِ آزادی کی ایک جراتمند اور مدبر آواز تھے۔

پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی جدوجہد کشمیری عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی اور ان کا کردار تحریکِ آزادی کے روشن ابواب میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔