
برٹش کونسل پاکستان کی جانب سے تمام طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ برطانوی یونیورسٹیوں میں داخلے کے بعد جلد از جلد یو کے اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔
برٹش کونسل پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اگر پاکستانی طلباء نے حال ہی میں اپنے تعلیمی امتحانات کے نتائج حاصل کیے ہیں اور وہ برطانیہ میں اپنی اعلیٰ تعلیم کا آغاز کرنا چاہتے ہیں تو فوری طور پر درخواست دیں۔ اس عمل میں کسی قسم کی تاخیر طلباء کے ویزا اور تعلیمی سلسلے پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت نے بھی واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستانی طلباء کو ویزا کیلئے درخواست دینے میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
ویزا درخواست کیلئے سب سے اہم شرط یہ ہے کہ طالب علم کے پاس یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ CAS (Confirmation of Acceptance for Studies) حوالہ نمبر موجود ہو اور ساتھ ہی تمام ضروری دستاویزات مکمل تیار ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:ایم ڈی کیٹ 2025 ڈومیسائل کی بنیاد پر لینے کا فیصلہ
طلباء کو ویزا کیلئے آن لائن برطانوی سرکاری ویب سائٹ gov.uk/student-visa پر درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
واضھ رہے کہ وقت پر درخواست دینے سے ویزا پراسیسنگ میں تاخیر سے بچا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں طلباء اپنی کلاسز وقت پر شروع کر سکیں گے اور انہیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف طلباء کی سہولت کیلئے ہے بلکہ اس سے برطانیہ کی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پاکستان سے آنے والے طلباء کے داخلے کا عمل مزید آسان اور شفاف ہو جائے گا۔



