
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کیلئے اب سے ہر امیدوار کو اپنے ڈومیسائل کی بنیاد پر متعلقہ صوبے میں ہی امتحان دینا ہوگا، کسی دوسرے صوبے میں امتحان دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے مخصوص یونیورسٹیز کو امتحانات کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ان میں آئی بی سکھر، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کے امیدواروں کیلئے اسلام آباد میں بھی خصوصی سینٹر قائم کیے جائیں گے، تاکہ وہ امتحان میں شرکت کر سکیں۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے طلبہ اپنے صوبے کی نامزد یونیورسٹی کے سینٹرز پر امتحان دیں گے، جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے سینٹرز پر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے امیدوار بھی امتحان دے سکیں گے، تاہم ان کیلئے نشستیں ان کے کوٹے کے مطابق مختص کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا اعلان
پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے متعلقہ صوبے کا ڈومیسائل لازمی ہوگا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے بھی مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں تاکہ وہ قومی سطح پر میڈیکل تعلیم کے مواقع سے محروم نہ رہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ امتحان جو 5 اکتوبر 2025 کو ہونا تھا، اب 26 اکتوبر 2025 بروز اتوار کو منعقد ہوگا۔



