پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا اعلان
Board exams 2026
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا باضابطہ آغاز سال 2026 سے کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخیں بھی جاری کر دی گئی ہیں، جو 3 نومبر سے 15 نومبر 2025 تک وصول کیے جائیں گے۔

جاری کردہ امتحانی شیڈول کے مطابق پانچویں جماعت کے امتحانات 9 فروری سے شروع ہوں گے، جبکہ آٹھویں جماعت کے پیپرز 16 فروری سے 24 فروری تک جاری رہیں گے۔

انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ان امتحانات کے نتائج 31 مارچ کو جاری کیے جائیں گے تاکہ طلبہ بروقت اگلی جماعتوں میں داخلہ لے سکیں۔

ذہن نشین رہے کہ یہ امتحانات ماضی میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت منعقد ہوتے تھے، تاہم اب ان کی ذمہ داری پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTA) کو سونپی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ کو ابتدائی سطح پر بورڈ امتحانات کے ماحول سے ہم آہنگ کرنا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عرس سید وارث شاہ کے موقع پر 24 ستمبر کو تعطیل کا اعلان

دوسری جانب اساتذہ کی تنظیموں نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو امتحان میں شامل کرنا غیر منصفانہ اقدام ہے، جبکہ نجی اسکولوں کو استثنیٰ دینا پالیسی پر سوالیہ نشان ہے۔

یونین رہنماؤں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے تعلیمی عدم مساوات بڑھے گی اور بالخصوص آٹھویں جماعت میں ناکام ہونے والی طالبات کے اسکول چھوڑنے کے خدشات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اساتذہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یکساں تعلیمی پالیسی بنائی جائے تاکہ تمام طلبہ پر یکساں اصول لاگو ہوں، ورنہ یہ اقدام معیارِ تعلیم بلند کرنے کے بجائے طلبہ پر ذہنی دباؤ بڑھانے کا سبب بنے گا۔