ای بائیکس رجسٹر کروائیں،حکومت سے ایک لاکھ روپے پائیں
e-bikes registration
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور شہریوں کو ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے شروع کیے گئے گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت ای بائیکس کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اگست 2025 میں صرف ایک ماہ کے دوران ریکارڈ 755 نئی ای بائیکس رجسٹرڈ کی گئیں جو اس سکیم کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جو شہری ای بائیکس خرید کر رجسٹر کرواتے ہیں انہیں براہِ راست مالی فائدہ بھی ملتا ہے۔ ای بائیکس رجسٹر کروانے پر ابتدائی طور پر 50 ہزار روپے کی پہلی قسط دی جاتی ہے، جبکہ دوسری قسط بھی اتنی ہی ہوگی۔

دوسری قسط حاصل کرنے کیلئے شہریوں کو 6 ماہ میں کم از کم 6 ہزار کلومیٹر کا ریکارڈ اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔ اس طرح کل ملا کر ایک ای بائیک پر شہری ایک لاکھ روپے تک حکومتی امداد حاصل کر سکتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سی ایم پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت گزشتہ 8 ماہ میں مجموعی طور پر 1248 ای بائیکس رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے مالی بوجھ میں کمی کرے گا بلکہ پٹرول اور ڈیزل پر انحصار گھٹا کر ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی اسکیم کا آغاز، اپلائی کا طریقہ جانیے

ای بائیکس کا بڑھتا ہوا رجحان شہروں میں صاف ہوا، بہتر صحت اور جدید سفری سہولتوں کو فروغ دے گا۔

شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکیم نہ صرف ماحول کے تحفظ کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ عام آدمی کیلئے مالی ریلیف بھی فراہم کرتی ہے۔