عمرہ زائرین کو جعل سازوں سے بچانے کیلئے مصدقہ کمپنیوں کی فہرست جاری
وزارت مذہبی امور نے عمرہ زائرین کو جعل سازوں سے بچانے کے لیے مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزارت مذہبی امور نے عمرہ زائرین کو جعل سازوں سے بچانے کے لیے مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کردی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وازارت مذہبی امور نے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کردی ہے، عمرہ کمپنیوں کی فہرست اسلامی سال 1447 ہجری کے لیے قابل عمل ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ عمرہ زائرین بکنگ سے پہلے وزارت کی ویب سائٹ سے کمپنی کی لازمی تصدیق کریں، رقم کی ادائیگی بینک کے ذریعے کمپنی اکاؤنٹ میں کی جائے۔

ترجمان نے ہدایت کی کہ عمرہ زائرین کمپنی سے ادائیگی رسید اور معاہدے کی کاپی لازمی حاصل کریں، عمرہ کمپنیوں سے ویزہ، فضائی ٹکٹ، ٹرانسپورٹ اور رہائش پر مشتمل مکمل پیکیج بک کروایا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سیلاب کے باعث عازمینِ حج کی رجسٹریشن کی مدت میں توسیع

دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ سخت گرم موسم میں دھوپ میں پیدل چلنے سے گریز کریں۔

سعودی وزارت کی جانب سے جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں صبح 11 بجے سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک سخت گرمی ہوتی ہے، اس دورانیے میں دھوپ میں پیدل چلنے سے اجنتاب کیا جائے ۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے نے مزید کہا کہ روضۂ اطہر میں جانے کے لیے پرمٹ کا حصول ضروری ہے، پرمٹ کے بغیر کسی کو روضہ اطہر میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔