وزیراعظم کے عمران خان کیخلاف ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت ملتوی
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت ملتوی کردی گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت ملتوی کردی گئی۔

سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے روبرو پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وکیل محمد حسین چوٹیا عدالت پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو وزیراعظم شہباز شریف نے بیان پر جرح سے قبل عدالتی حلف لیا، وزیراعظم نے کہا کہ جو بھی کہوں گا سچ کہوں گا اگر عدالت سے کوئی چیز چھپاؤں تو اللہ مجھ سے ناراض ہو۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر جرح کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کے دعویٰ پر جو لفظ مافیا لکھا ہے کیا وہ ریکارڈ کا حصہ ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ جی یہ ریکارڈ کا حصہ ہے ۔

وکیل بانی پی ٹی آئی نے سوال کیا کہ کیا آپ نے جھوٹے اور من گھڑت بیان پر مبنی دعویٰ دائر کیا ہے ؟ جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ جی یہ غلط ہے ، وکیل صفائی نے سوال کیا کہ آپ کا لیگل نوٹس جعلی اور فرضی ہے اور اس کی کاپی خود ساختہ بنا کر پیش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب

شہباز شریف نے جواب دیا کہ یہ غلط ہے ، عمران خان کے وکیل نے کہا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کو لیگل نوٹس بھیجا ہی نہیں ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جی یہ غلط ہے میں نے لیگل نوٹس بھیجا ہے۔

وکیل بانی پی ٹی آئی نے سوال کیا کہ کیا سابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی بیان دیا تھا جس شہباز شریف نے کہا کہ بالکل سیاسی بیان نہیں تھا بلکہ اس نے ہتک عزت کی۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ہتک آمیز الفاظ نہیں لکھے جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ مجھے علم نہیں ہے۔

بعدازاں عمران خان کے وکلاء نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر جرح مکمل کر لی، شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے بیان پر جرح مکمل کروائی ۔

سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سیشن جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی غلطی ہوئی ہو تو میں معذرت چاہتا ہوں جج صاحب ۔

دریں اثناء عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کے دیگر گواہوں کو جرح کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ہتک عزت کے دعویٰ پر مزید سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی۔