نواز شریف لندن چلے گئے، طبی معائنے کا امکان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر لندن چلے گئے
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر لندن چلے گئے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر لندن چلے گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق وہ لاہور سے قطر ایئرویز کی پرواز کے ذریعے لندن کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کا قیام تقریباً دو ہفتے کا ہوگا جس دوران وہ اپنی طبی حالت کا تفصیلی معائنہ کرائیں گے اور سیاسی نوعیت کی ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کا یہ دورہ صرف نجی یا ذاتی نوعیت کا نہیں بلکہ اس کے سیاسی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ لندن میں قیام کے دوران وہ اپنی جماعت کے سینئر رہنماؤں اور خاندان کے افراد سے بھی مشاورت کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پارٹی کی آئندہ حکمت عملی اور موجودہ ملکی سیاسی حالات پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا خواتین، بزرگوں اور طلباء کیلئے الیکٹرک بس میں فری سفر کا اعلان

چند روز قبل نواز شریف نے لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں اپنا طبی معائنہ کرایا تھا، جہاں ان کی گردن کی ایم آر آئی کی گئی۔ معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ انہیں پٹھوں میں شدید درد اور اکڑاؤ کی شکایت ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں مزید ٹیسٹ اور غیر ملکی طبی ماہرین کی رائے لینے کا مشورہ دیا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ وہ لندن جائیں گے۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے اس سے قبل بھی کئی بار علاج کی غرض سے لندن کا رخ کیا ہے۔ ان کا وہاں معالجین اور اسپتالوں سے پرانا رابطہ موجود ہے۔ لندن میں قیام کے دوران وہ نہ صرف طبی معائنے کرائیں گے بلکہ ان کی سیاسی ملاقاتوں کا بھی قوی امکان ہے۔