نو مئی کے چار مقدمات کا جیل ٹرائل، سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف عسکری ٹاور حملہ سمیت نو مئی کے چار مقدمات کے جیل ٹرائل میں سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف عسکری ٹاور حملہ سمیت نو مئی کے چار مقدمات کے جیل ٹرائل میں سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں نو مئی کو عسکری ٹاور پر حملہ کیس کی سماعت کی، عدالت میں نو مئی کو زمان پارک کے باہر پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے ، مغلپورہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی بھی سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر برضمانت اور زیر حراست ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی، زیر حراست ملزموں ڈاکٹر یاسمین راشد ٫ عمر سرفراز چیمہ٫ اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو عدالت کے روبرو پیش کر کے حاضری مکمل کرائی گئی۔

دوران سماعت پراسیکیوشن کے گواہان شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت پیش ہوئے ، دو سرکاری گواہوں نے زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں بیانات ریکارڈ کرائے، ملزموں کے وکلاء نے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا سنائی جائے گی، علیمہ خان

بعدازاں عدالت نے زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے پر مزید سماعت 17 ستمبر جبکہ عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر تین مقدمات کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کیلئے دائر ضمانت کی درخواستوں پر بھی سماعت کی۔

عدالت نے پراسیکیوشن سے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر تے ہوئے درخواستوں پر مزید سماعت 17 ستمبر بروز بدھ تک ملتوی کردی۔