جسٹس ظفر احمد راجپوت قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر
Justice Zafar Ahmed Rajput
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ میں آج منعقد ہونے والی ایک اہم تقریب میں جسٹس ظفر احمد راجپوت نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

یہ تقریب سندھ ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی جہاں جسٹس اقبال کلہوڑو نے ان سے حلف لیا۔

تقریبِ حلف برداری میں سندھ ہائیکورٹ کے معزز ججز کے علاوہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور سینئر وکلاء بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر معزز مہمانوں نے جسٹس ظفر احمد راجپوت کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ جسٹس جنید غفار 13 ستمبر کو سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے، جس کے بعد یہ عہدہ عارضی طور پر خالی ہو گیا تھا۔ آئینی تقاضوں کے مطابق سینئر جج جسٹس ظفر احمد راجپوت کو قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:موٹروے ایم فائیو کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا

قانونی ماہرین کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس کی تقرری سے عدالت کے انتظامی اور عدالتی امور کی مسلسل نگرانی یقینی ہو سکے گی تاکہ زیر سماعت مقدمات اور دیگر عدالتی معاملات میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔

عدالتی اور وکلا برادری نے امید ظاہر کی ہے کہ جسٹس ظفر احمد راجپوت اپنے نئے منصب پر انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کی آزادی کے اصولوں کو مزید مستحکم کریں گے۔