موٹروے ایم فائیو کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا
موٹروے ایم فائیو کو جلال پور پیر والا کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) موٹروے ایم فائیو کو جلال پور پیر والا کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔

 ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 5 پر مختلف مقامات پر ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، اوچ شریف، جھانگڑہ اور جلال پور انٹرچینج سے شیرشاہ کی جانب ٹریفک داخل نہیں ہوسکتی،شاہ شمس، شیر شاہ اور شجاع آباد انٹرچینج سے جلال پور جھانگڑہ انٹر چینج کی جانب داخلہ بند ہے۔

 حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ موٹروے ایم 5 سیلاب کے باعث متاثر ہونے سے ٹریفک کا داخلہ بند کیا گیا ہے،موٹروے کے نیچے سے سیلابی پانی گزرنے سے شگاف کا خدشہ ہے، ستلج اور چناب کا پانی ملکر اب واپس جلال پور پیروالا کی جانب جارہا ہے، شگاف ڈالنے کے باعث اوچ شریف ہائی وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( ڈی جی پی ڈی ایم) عرفان علی کاٹھیا نے اس حوالے سے کہا کہ سیلابی پانی کے کٹاؤ کے باعث موٹروے میں بریچنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب، این ایچ اے اور متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے موٹروے کے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ موٹروے کو بڑے کٹاؤ سے بچانے کے لیے سینڈ بیگز اور پتھر استعمال کیے جا رہے ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں میں جلال پور پیر والا کے مقام پر سیلابی پانی میں واضح کمی ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے، پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ کم ہو کر 3 لاکھ 92 ہزار کیوسک ہو گیا ہے، گڈو بیراج کے مقام پر پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پڑھے لکھے بیروزگار افراد کیلئے نوکریوں کا اعلان

دوسری جانب پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث شجاع آباد ، رحیم یار خان، احمد پور شرقیہ، راجن پور اور وہاڑی کے مزید سیکڑوں دیہات زیرآب آگئے۔

فیڈرل فلڈ ریلیف کمیشن کے مطابق دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں گڈو بیراج میں بہت اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی ہے۔