پنجاب کے دریا معمول پر آنے لگے، سیلاب سے کتنا نقصان ہوا؟
Punjab floods update
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں تباہ کن سیلاب کے بعد اب دریاؤں کی صورتِ حال بتدریج معمول پر آنے لگی ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق شدید سیلابی کیفیت کے باعث ہزاروں بستیاں اجڑ گئیں، 4 ہزار 700 سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق اس قدرتی آفت نے 45 لاکھ سے زائد افراد کو مشکلات میں دھکیل دیا، جبکہ مختلف حادثات اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک 104 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

ریلیف حکام کے مطابق پانی کی سطح میں کمی واقع ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کام جاری ہیں۔

متاثرین کو خیمے، راشن اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ طبی ٹیمیں بھی سرگرم ہیں، تاہم کئی علاقوں میں کھڑی فصلیں اور مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جس سے کسان اور دیہی آبادی شدید مالی نقصان سے دوچار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آج بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ منگل سے مون سون کے گیارہویں اسپیل کا آغاز ہوگا۔ اس دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں دوبارہ طغیانی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور نشیبی علاقوں کے باسیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔

سیلابی تباہ کاریوں کے بعد عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ آئندہ کسی قدرتی آفت میں اس قدر بڑے پیمانے پر نقصان نہ ہو۔