آج بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
Karachi weather update
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج کراچی کے شہریوں کے لیے موسم کی تازہ صورتحال جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موجودہ وقت میں ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے جس کے باعث موسم میں حدت اور حبس کی کیفیت برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں سمندری ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، تاہم مرطوب ہوا کی وجہ سے شہریوں کو گرمی اور پسینے کا سامنا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں مون سون کا 11واں اسپیل؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا

 

 

ماہرین کے مطابق بادلوں کی آمد و رفت کے باعث بارش کے چھوٹے چھوٹے اسپیلز ہو سکتے ہیں، لیکن موسلا دھار بارش کا امکان فی الحال نہیں ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری حبس اور گرمی کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہیں، اس لیے بارش کی ہلکی جھڑی بھی موسم کو خوشگوار بنا سکتی ہے۔