
ریسکیو ذرائع کے مطابق موضع جھینگر ماڑھا میں شوکت بھکاری موٹر سائیکل پر سوار تھا وہ لوڈر رکشے میں جالگا،حادثے میں شوکت بھکاری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
شوکت بھکاری انگلش اور اردو میں بھیک مانگ کر لوگوں کو اپنے مانگنے کے فن سے آگاہ کرتا تھا، شوکت بھکاری ہمیشہ ایک روپیہ بھیک مانگتا تھا اور شہری اسے 10 روپے دیدیتے تھے۔
شوکت بھکاری کے بینک اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے کی رقم موجود تھی، لوگوں کے ساتھ اپنی ویڈیوز میں شوکت بھکاری لاکھوں روپے کا بینک بیلنس ہونے کی رسیدیں بھی دکھاتا تھا۔
چھ برس قبل ایک انٹرویو میں شوکت بھکاری کا کہنا تھا کہ وہ ملتان کی سڑکوں کا شہزادہ ہے اور ملتان میں 4 سال سے انگریزی بول کر بھیک مانگ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مختلف ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
سوشل میڈیا پر بھی شوکت بھکاری کی ویڈیوز دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے جبکہ وہ ڈیم فنڈ مہم میں 10 ہزار روپے کا عطیہ بھی دے چکا تھا، جس کے بعد اسے نیب کی تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
شوکت بھکاری کے مطابق اسے نیب کی ٹیم نے اپنے آفس میں ایک گھنٹے کی تفتیش کے لیے بلایا اور سوال کیا کہ اتنے پیسے کہاں سے آئے ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق شوکت بھکاری شاہ جمال کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا،شوکت بھکاری کئی ایکڑ زمین کا مالک بھی تھا۔