
ریسکیو 1122 کے مطابق جہانیاں میں پرویز والہ کے قریب تیز فتار بس حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں اور ڈی ایچ کیو خانیوال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ بس حادثہ کے آٹھ زخمیوں کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کیا گیا جہاں دو خواتین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں ۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق یزمان منڈی بہاولپور سے تھا، جاں بحق افراد میں ایک ہی فیملی کے تین افراد بھی شامل ہیں ۔
ریسکیو حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ بس رحیم یار خان سے فیصل آباد جا رہی تھی، حادثہ تیز رفتاری کے باعث ٹیک اوور کرتے ہوئے پیش آیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہانیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے ایم فائیو کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا
دوسری جانب خیرپور میں قومی شاہراہ پر ٹنڈو مستی کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار کو حادثہ پیش آگیا، گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری ۔
پولیس کے مطابق حادثے میں دو بچوں سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت 5 سالہ سمیرا، 6 سالہ اقصیٰ، 30 سالہ عبدالرحمان اور خاتون مراد سنجرانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کراچی سے کندھ کوٹ جا رہے تھے، نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال خیرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر پسرور کے نواحی علاقہ گڈگورکے قریب تیزرفتاری کے باعث کار برساتی نالے میں جا گری، کار میں سوار چار افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ریسکیو 1122 نے چاروں لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا،حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت احمد ولد فاروق،عمر ولد شفاعت، علی ولد اعجاز اور احمد ولد طارق کے نام سے ہوئی، چاروں جاں بحق ہونے والوں کاتعلق نواحی قصبہ چوبارہ سے تھا۔