
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کےباعث بہت تباہی ہوئی ہے،سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، پاک فوج اور متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں ریلیف ریسکیوآپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی، سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کمرشل او رصنعتی صارفین کےنقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس بنا پر اگست کے بجلی بلوں کی وصولی فی الفور مؤخر کی جارہی ہے، اگر ان صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا، تو انہیں مزید ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی صارفین کیلئے بڑا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جو تباہی ہوئی اور جو نقصانات ہوئے، وہاں میرے بزرگ، مائیں بہنیں اور بیٹیاں کھلے آسمان تلے جن مشکلات کا شکار ہیں، ہم ان سے بخوبی واقف ہیں، اس صورتحال کے پیش نظر آپ کے خادم پاکستان کی جانب سے یہ حقیر سی کوشش ہے جو یقینی طور پر سیلاب متاثرین کے مشکلات میں کمی کا باعث بنے گی۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، سیلاب متاثرین کی اپنے گھروں میں واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔