
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
آرمی چیف نے سول انتظامیہ سے گفتگو میں کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات تیز رفتار سے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: شجاع آباد،دریائے چناب کا بند ٹوٹ گیا، پانی آبادیوں میں داخل
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے متاثرہ افراد سے بھی ملاقات کی، جنہیں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔ متاثرین نے بروقت امداد اور انخلا پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی مکمل بحالی اور آبادکاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ریلیف آپریشن میں مصروف جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبے اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر چوبیس گھنٹے ریلیف آپریشن میں مصروف ہے تاکہ متاثرہ آبادی کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔



