شجاع آباد: دریائے چناب کا بند ٹوٹ گیا، پانی آبادیوں میں داخل
 جنوبی پنجاب کے شہر شجاع آباد کے قریب دریائے چناب کا بند ٹوٹ گیا، سیلابی پانی پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔
فائل فوٹو
شجاع آباد: (سنو نیوز) جنوبی پنجاب کے شہر شجاع آباد کے قریب دریائے چناب کا بند ٹوٹ گیا، سیلابی پانی پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق سیلابی پانی سے دھندوں ، گردیز پور، وینس، طاہر پور، صدیق والا، بنگالہ بستی، بستی عالم، بلوچواں ، حسن آباد اور بستی مٹھو سمیت درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، بستی نواں شہر،بستی ماڑھایں، بڑا کھو اور وینس سمیت دیگر علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

سیلابی پانی تیزی سے شجاع آباد شہر کی طرف بڑھ رہا ہے، سیلابی پانی کے سبب درجنوں بستیوں سےہزاروں افراد کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ رات سے دھوندو بند میں شگاف پڑتے ہی لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی تھی، متاثرین اپنے بچوں اور مال مویشی سمیت محفوظ مقام کی طرف روانہ ہو گئے۔

شجاع آباد کے قریب دریائے چناب کا بند ٹوٹنے کے سبب بڑے پیمانے پر کھڑی مکئی، دھان،کپاس اور سبزیوں سمیت بڑے پیمانے پرفصلیں تباہ ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشتی الٹنے کے 10 واقعات میں 30 افراد جاں بحق

دوسری جانب کشمور میں دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی۔

کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 5 لاکھ 19 ہزار 803 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پانی کا اخراج 4 لاکھ 86 ہزار 431 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج کے مقام پر 7 ہزار 141 کیوسک پانی کی سطح بلند ہوئی ہے۔

گڈو بیراج کے مقام پر مسلسل درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، پانی کی سطح مزید بلند ہونے سے کچے کے مزید علاقوں میں پانی داخل ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔