کشتی الٹنے کے 10 واقعات میں 30 افراد جاں بحق
South Punjab boat accidents
فائل فوٹو
ملتان: (ویب ڈیسک) جنوبی پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث کشتیوں کے الٹنے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جن میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک جا پہنچی ہے۔

ان افسوسناک حادثات میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل ہے، جبکہ 8 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جلال پور پیروالا، لیاقت پور، منچن آباد، علی پور اور اُچ شریف میں کم از کم دس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ان علاقوں میں سیلابی پانی کی شدت کے باعث مقامی افراد اپنی جانیں بچانے کیلئے کشتیوں پر انحصار کر رہے تھے، تاہم گنجائش سے زیادہ لوگوں کے سوار ہونے کے باعث حادثات پیش آئے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان کا کہنا ہے کہ جب تین دریاؤں میں بیک وقت سیلاب آجائے اور 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہو تو اس طرح کے حادثات نسبتاً کم ہیں۔ ان کے مطابق اتنی بڑی آفت میں چھوٹے موٹے حادثات ہونا ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا کا سیلاب متاثرین کیلئے 26 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

صوبائی وزیر تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے بھی کہا کہ جب کشتی سیلاب زدگان تک پہنچتی ہے تو لوگ جذبات میں آکر ایک ساتھ سوار ہونے لگتے ہیں اور کسی کی ہدایت پر توجہ نہیں دیتے، جس سے حادثات رونما ہوتے ہیں۔

ریسکیو حکام کی جانب سے شہریوں کو اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور ریسکیو ٹیموں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔