
کینیڈا کے وزیرِ مملکت برائے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ، رندیپ سرائے نے کہا ہے کہ یہ امداد براہِ راست انسانیت کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچائی جائے گی۔ ان کے مطابق کینیڈا کا مقصد صرف مالی تعاون فراہم کرنا نہیں بلکہ متاثرین کی فوری اور بنیادی ضروریات پوری کرنے میں عملی مدد فراہم کرنا ہے۔ اس امداد کے ذریعے بے گھر ہونے والے افراد کو عارضی پناہ گاہیں مہیا کی جائیں گی، تاکہ وہ سخت موسم اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے کی اذیت سے محفوظ رہ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کی کشتی افسوسناک حادثے کا شکار
مزید برآں، امداد کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا، کیونکہ آلودہ پانی کے استعمال سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی کے ساتھ جان بچانے والی طبی سہولتیں، غذائی سامان اور دیگر بنیادی ضروریات بھی متاثرین تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔ رندیپ سرائے نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے عوام کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتا ہے اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کو اس وقت شدید انسانی بحران کا سامنا ہے۔ لاکھوں افراد اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں، کھیت کھلیان پانی میں ڈوب گئے ہیں اور معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں بین الاقوامی امداد ایک حوصلہ افزا قدم ہے جو متاثرہ خاندانوں کو نہ صرف فوری سہارا دے گی بلکہ بحالی کے عمل کو بھی تیز کرے گی۔



