سیلاب متاثرین کی کشتی افسوسناک حادثے کا شکار
Jalalpur Pirwala boat accident
فائل فوٹو
ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں سیلاب متاثرین کو لے جانے والی کشتی اُلٹ گئی۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق کشتی میں 19 افراد سوار تھے، جن میں سے 18 کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے اور اس کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیموں کی کارروائی جاری ہے۔

سی پی او ملتان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ٹیم متاثرین کو موضع دراب پور سے محفوظ مقام پر منتقل کر رہی تھی کہ اچانک کشتی حادثے کا شکار ہوگئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زیادہ تر افراد کو بچا لیا تاہم ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے جس کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی میں پہلے ہی گنجائش سے زائد دس سے زیادہ افراد سوار تھے، اسی دوران مزید ایک شخص نے کشتی میں لٹکنے کی کوشش کی جس سے پانی اندر آنے لگا اور کشتی نے توازن کھو کر پلٹنے کی صورت اختیار کر لی۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں سیلابی صورت حال برقرار، ہائی الرٹ جاری

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں سیلاب متاثرین کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا، خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب دریائے چناب کا سیلابی ریلا جلالپور پیروالا سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں تباہی پھیلا رہا ہے، جس کے باعث متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ریسکیو آپریشن بڑی تیزی سے جاری ہے۔