
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے انڈین پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں انڈین پراکسی فتنہ الہندوستان کے چار دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے ، علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میجر عدنان اسلم دہشت گردوں کیخلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے
وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور4 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ، وزیرداخلہ محسن نقوی نے 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پوری قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔



