ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول تبدیل، نئی تاریخ کا اعلان
MDCAT exam reschedule
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر میڈیکل کے طلبہ کیلئے اہم اعلان سامنے آیا ہے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے نئی تاریخ جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف شہروں میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے باعث امتحانی مراکز میں انتظامات مکمل کرنا ممکن نہیں رہا۔

وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر پی ایم ڈی سی نے فیصلہ کیا کہ طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی اور مشکلات سے بچانے کیلئے امتحان کو ملتوی کیا جائے۔

پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ اب ملک بھر میں 26 اکتوبر بروز اتوار کو منعقد کیا جائے گا۔ قبل ازیں امتحان ستمبر میں شیڈول کیا گیا تھا، تاہم خراب صورتحال کے باعث اس میں تبدیلی کی گئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ کو نئے شیڈول کے مطابق رول نمبر سلپس اور دیگر معلومات وقت پر فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے باعث پی پی ایس سی امتحانات ایک بار پھر ملتوی

 

 

مزید برآں امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پی ایم ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ اور متعلقہ یونیورسٹیوں کے نوٹس بورڈز پر باقاعدگی سے معلومات حاصل کرتے رہیں، تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

طلبہ اور والدین نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام موجودہ حالات کے پیش نظر درست ہے، اس سے امیدوار اپنی تیاری مزید بہتر طریقے سے کرسکیں گے۔